نماز
بسلسلہ مضامین: |
اہم شخصیات
|
تعطیلات ومناسبات
|
صلوٰۃ " (نماز) کے لغوی معنی "دعا" کے ہیں۔ قرآن میں فرمانِ اللہ ہے:
خُذْ مِنْ أَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِمْ بِهَا وَصَلِّ عَلَيْهِمْ إِنَّ صَلَاتَكَ سَكَنٌ لَهُمْ وَاللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ
اے پیغمبر! ان لوگوں کے اموال میں سے صدقہ وصول کرلو جس کے ذریعے تم انھیں پاک کردو گے اور ان کے لیے باعثِ برکت بنو گے اور اُن کے لیے دعا کرو۔ یقینا! تمھاری دعا ان کے لیے سراپا تسکین ہے اور اللہ ہر بات سنتا اور سب کچھ جانتا ہے—
جبکہ فرمانِ نبوی ہے:
” | اذا دعى أحدكم فليجب فاِن كان صائماً فليصلِ و اِن كان مفطراً فليطعم [1] ترجمہ: جب تم میں سے کسی کو دعوت دی جائے تو وہ اسے قبول کرلے پھر اگر وہ روزے سے ہو تو دعا کر دے اور اگر روزے سے نہ ہو تو (طعام) کھالے |
“ |
اور اللہ کی جانب سے "صلوٰۃ" کے معنی بہترین ذکر کے ہیں جبکہ ملائکہ کی طرف سے "صلوٰۃ" کے معنی دعا ہی کے لیے جائیں گے۔ قرآن میں لکھا ہے:
إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آَمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا
بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! تم بھی اُن پر درود بھیجو اور خوب سلام بھیجا کرو—
فلسفۂ نماز
[ترمیم]اسلامی قوانین اور دساتیر کے مختلف اور متعدد فلسفے اور اسباب ہیں جن کی وجہ سے انھیں وضع کیا گیا ہے۔ ان فلسفوں اور اسباب تک رسائی صرف وحی اور معدن وحی کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ قرآن مجید اور معصومین علیہم السلام کی احادیث میں بعض قوانین اسلامی کے بعض فلسفہ اور اسباب کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ انھیں دستورات میں سے ایک نماز ہے جو ساری عبادتوں کا مرکز، مشکلات اور سختیوں میں انسان کے تعادل و توازن کی محافظ، مومن کی معراج، انسان کو برائیوں اور منکرات سے روکنے والی اور دوسرے اعمال کی قبولیت کی ضامن ہے۔ اللہ اس سلسلہ میں ارشاد فرماتے ہیں :
وَأَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي
میری یاد کے لیے نماز قائم کرو۔—
اس آیت کی روشنی میں نماز کا سب سے اہم فلسفہ یادِ خدا ہے اور یادِ خدا ہی ہے جو مشکلات اور سخت حالات میں انسان کے دل کو آرام اور اطمینان عطا کرتی ہے ۔
أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ
آگاہ ہو جاؤ کہ یادِ خدا سے دل کو آرام اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔—
رسول نے بھی اسی بات کی طرف اشارہ فرمایا ہے :
” | نماز اور حج و طواف کو اس لیے واجب قرار دیا گیا ہے تاکہ ذکرِ خدا ( یادِ خدا ) محقق ہو سکے۔ | “ |
علی بن ابی طالب فلسفۂ نماز کو اس طرح بیان فرماتے ہیں :
” | خدا وند عالم نے نمازکو اس لیے واجب قرار دیا ہے تاکہ انسان تکبر سے پاک و پاکیزہ ہو جائے ۔ نماز کے ذریعے خدا سے قریب ہو جاؤ ۔ نماز گناہوں کو انسان سے اس طرح گرا دیتی ہے جیسے درخت سے سوکھے پتے گرتے ہیں،نماز انسان کو ( گناہوں سے) اس طرح آزاد کر دیتی ہے جیسے جانوروں کی گردن سے رسی کھول کر انہیں آزاد کیا جاتا ہے رَضی اللہُ تعالیٰ عنہُ | “ |
فاطمہ بنت رسول اللہ محمد مسجد نبوی میں اپنے تاریخی خطبہ میں اسلامی دستورات کے فلسفہ کو بیان فرماتے ہوئے نماز کے بارے میں اشارہ فرماتی ہیں:
” | خدا وند عالم نے نماز کو واجب قرار دیا تاکہ انسان کو کبر و تکبر اور خود بینی سے پاک و پاکیزہ کر دے۔ | “ |
ہشام بن حکم نے جعفر صادق سے سوال کیا : نماز کا کیا فلسفہ ہے کہ لوگوں کو کاروبار سے روک دیا جائے اور ان کے لیے زحمت کا سبب بنے؟
انھوں نے اس کے جواب میں فرمایا:
” | نماز کے بہت سے فلسفے ہیں انہیں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ پہلے لوگ آزاد تھے اور خدا و رسول کی یاد سے غافل تھے اور ان کے درمیان صرف قرآن تھا امت مسلمہ بھی گذشتہ امتوں کی طرح تھی کیونکہ انہوں نے صرف دین کو اختیار کر رکھا تھا اور کتاب اور انبیاء کو چھوڑ رکھا تھا اور ان کو قتل تک کر دیتے تھے ۔ نتیجہ میں ان کا دین پرانا (بے روح) ہو گیا اور ان لوگوں کو جہاں جانا چاہیے تھا چلے گئے۔ خدا وند عالم نے ارادہ کیا کہ یہ امت دین کو فراموش نہ کرے لہذا اس امت مسلمہ کے اوپر نماز کو واجب قرار دیا تاکہ ہر روز پانچ بار آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو یاد کریں اور ان کا اسم گرامی زبان پر لائیں اور اس نماز کے ذریعہ خدا کو یاد کریں تاکہ اس سے غافل نہ ہوں اور اس خدا کو ترک نہ کر دیا جائے۔ | “ |
علی رضا فلسفۂ نماز کے سلسلہ میں یوں فرماتے ہیں :
” | نماز کے واجب ہونے کا سبب،خدا وند عالم کی خدائی اور اسکی ربوبیت کا اقرار، شرک کی نفی اور انسان کا خداوند عالم کی بارگاہ میں خشوع و خضوع کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ نماز گناہوں کا اعتراف اور گذشتہ گناہوں سے طلب عفو اور توبہ ہے۔ سجدہ، خدا وند عالم کی تعظیم و تکریم کے لیے خاک پر چہرہ رکھنا ہے۔ | “ |
نماز سبب بنتی ہے کہ انسان ہمیشہ خدا کی یاد میں رہے اور اسے بھولے نہیں، نافرمانی اور سرکشی نہ کرے۔ خشوع و خضوع اور رغبت و شوق کے ساتھ اپنے دنیاوی اور اخروی حصہ میں اضافہ کا طلب گار ہو۔ اس کے علاوہ انسان نماز کے ذریعہ ہمیشہ اور ہر وقت خدا کی بارگاہ میں حاضر رہے اور اس کی یاد سے سرشار رہے۔ نماز گناہوں سے روکتی اور مختلف برائیوں سے منع کرتی ہے سجدہ کا فلسفہ غرور و تکبر، خودخواہی اور سرکشی کو خود سے دور کرنا اور خدائے وحدہ لا شریک کی یاد میں رہنا اور گناہوں سے دور رہنا ہے۔
نماز عقل و وجدان کے آئینہ میں
[ترمیم]اسلامی حق کے علاوہ کہ جو مسلمان اسلام کی وجہ سے ایک دوسرے کی گردن پر رکھتے ہیں ایک دوسرا حق بھی ہے جس کو انسانی حق کھا جاتا ہے جو انسانیت کی بنا پر ایک دوسرے کی گردن پر ہے۔ انھیں انسانی حقوق میں سے ایک حق، دوسروں کی محبت اور نیکیوں اور احسان کا شکر یہ اداکرنا ہے اگر چہ مسلمان نہ ہوں۔ دوسروں کے احسانات اور نیکیاں ہمارے اوپر شکریے کی ذمہ داری کو عائد کرتی ہیں اور یہ حق تمام زبانوں، ذاتوں، ملتوں اور ملکوں میں یکساں اور مساوی ہے۔ لطف اور نیکی جتنی زیادہ اور نیکی کرنے والا جتنا عظیم و بزرگ ہو شکر بھی اتنا ہی زیادہ اور بہتر ہونا چاہیے۔
کیا خدا سے زیادہ کوئی اور ہمارے اوپر حق رکھتا ہے؟ نہیں۔ اس لیے کہ اس کی نعمتیں ہمارے اوپربے شمار ہیں اور خود اس کا وجود بھی عظیم او ر فیاض ہے۔ خدا وند عالم نے ہم کو ایک ذرے سے تخلیق کیا اور جو چیز بھی ہماری ضروریات زندگی میں سے تھی جیسے، نور و روشنی، حرارت، مکان، ہوا، پانی، اعضاء و جوارح، غرائز و قوائے نفسانی، وسیع و عریض کائنات، پودے و نباتات، حیوانات، عقل و ہوش اور عاطفہ و محبت وغیرہ کو ہمارے لیے فراہم کیا۔
ہماری معنوی تربیت کے لیے انبیاء کو بھیجا، نیک بختی اور سعادت کے لیے آئین وضع کیے، حلال و حرام میں فرق واضح کیا۔ ہماری مادی زندگی اور روحانی حیات کو ہر طرح سے دنیاوی اور اخروی سعادت حاصل کرنے اور کمال کی منزل تک پہنچنے کے وسائل فراہم کیے۔ خدا سے زیادہ کس نے ہمارے ساتھ نیکی اور احسان کیا ہے کہ اس سے زیادہ اس حق شکر کی ادائیگی کا لائق اور سزاوار ہو۔ انسانی وظیفہ اور ہماری عقل و وجدان ہمارے اوپر لازم قرار دیتی ہیں کہ ہم اس کی ان نعمتوں کا شکر ادا کریں اور ان نیکیوں کے شکرانہ میں اس کی عبادت کریں اور نماز ادا کریں۔ چونکہ وہ ہمارا خالق ہے، لہذا ہم بھی صرف اسی کی عبادت کریں اور صرف اسی کے بندے رہیں اور مشرق و مغرب کے غلام نہ بنیں۔
نماز خدا کی شکر گزاری ہے اور صاحب وجدان انسان نماز کے واجب ہونے کو درک کرتا ہے۔ جب ایک کتے کو ایک ہڈی کے بدلے میں جو اس کو دی جاتی ہے حق شناسی کرتا ہے اور دم ہلاتا ہے اور اگر چور یا اجنبی آدمی گھر میں داخل ہوتا ہے تو اس پر حملہ کرتا ہے تو اگر انسان پروردگار کی ان تمام نعمتوں سے لاپرواہ اور بے توجہ ہو اور شکر گزار ی کے جذبہ سے جو نماز کی صورت میں جلوہ گر ہوتا ہے بے بہرہ ہو تو کیا ایسا انسان قدردانی اور حق شناسی میں کتے سے پست اور کمتر نہیں ہے؟
فضیلت نماز از روئے احادیث
[ترمیم]حمزہ بن حبیب صحابی رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کہتے ہیں: میں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے نماز کے بارے میں سوال کیا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس کے خواص، فوائد اور اسرار کے بارے میں اس طرح فرمایا:
” | نماز دین کے قوانین میں سے ایک قانون ہے۔ پروردگار کی رضا و خوشنودی نماز میں ہے۔ نماز انبیاء علیہم السلام کا راستہ ہے۔ نمازی، محبوب ملائکہ ہے۔ نماز ہدایت، ایمان اور نور ہے۔ نماز روزی میں برکت، بدن کی راحت، شیطان کی ناپسندی اور کفار کے مقابلہ میں اسلحہ ہے۔ نماز دعا کی اجابت اور اعمال کی قبولیت کا ذریعہ ہے۔ نماز نمازی اور ملک الموت کے درمیان شفیع ہے۔ نماز قبر میں انسان کی مونس، اس کا بستر اور منکر و نکیر کا جواب ہے۔ نماز قیامت کے دن نمازی کے سرکا تاج، چہرے کا نور، بدن کا لباس اور آتشِ جہنم کے مقابلہ میں سپر ہے۔ نماز پل صراط کا پروانہ، جنت کی کنجی، حوروں کا مہر اور جنت کی قیمت ہے۔ نماز کے ذریعہ بندہ بلند درجہ اوراعلی مقام تک پہنچتا ہے اس لیے کہ نماز تسبیح و تہلیل، تمجید و تکبیر، تمجید و تقدیس اور قول و دعا ہے۔ | “ |
نماز کی اقسام
[ترمیم]فرض نمازیں
[ترمیم]اللہ تعالٰی نے شب معراج کی رات امت محمدی پر پانچ درجِ ذیل نمازیں فرض کیں۔
- فجر (صبح کی نماز)
- ظہر (دوپہر کی نماز)
- عصر (سہ پہر کی نماز)
- مغرب (غروب آفتاب کے بعد کی نماز)
- عشاء (رات کی نماز)
نفل نمازیں
[ترمیم]اصل مضمون: سنت نماز
- نماز اشراق- سورج طلوع ہونے کے بعد کی نماز
- نماز چاشت - ظہر سے پہلے کی نماز
- نماز تحیۃ المسجد - مسجد میں داخل ہونے کے بعد کی نماز...
- نماز خوف - خوف کے وقت کی نماز
- نماز کسوف - گرہن کے وقت کی نماز
- نماز سفر - سفر کے وقت کی نماز
- نماز استسقا - بارش کی نماز
نماز کی اہمیت
[ترمیم]دین کا ستون
[ترمیم]ہر عبادت کا ایک ستون اور پایہ ہوتا ہے جس پر پوری عمارت کا دارو مدار ہوتا ہے، اگر کبھی اس ستون پر کوئی آفت آجائے تو پوری عمارت زمیں بوس ہو جاتی ہے۔ اسی طرح سے نماز ایک دیندار انسان کے دین و عقائد کے لیے ایک ستون کے مانند ہے۔ علی ابن ابی طالب تمام مسلمانوں اور مؤمنوں کو وصیت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
” | اوصیکم بالصلوة ، و حفظھا فانھا خیر العمل و ہی عمود دینکم ترجمہ: میں تم سب کو نماز کی اور اس کی پابندی کی وصیت کرتا ہوں اس لیے کہ نماز بہترین عمل اور تمھارے دین کا ستون ہے۔ |
“ |
محمد باقر فرماتے ہیں :
” | بنی الاسلام علی خمسة: الصلوة و الزکاة و الحج و الصوم و الولایة ترجمہ:اسلام کی عمارت پانچ چیزوں پر استوار ہے: نماز، زکوٰۃ، حج، روزہ اور اہلبیت علیہم السلام کی ولایت۔ |
“ |
مومن کی معراج
[ترمیم]نماز انسان کو بلند ترین درجہ تک پہنچانے کا ذریعہ ہے جس کو معراج کہتے ہیں۔بزرگوں کا قول ہے[2]
” | الصلوة معراج المومن ترجمہ:نماز مومن کی معراج ہے۔ |
“ |
نمازی اللہ اکبر کہتے ہی مخلوقات سے جدا ہو کر ایک روحانی اور ربانی سفر کا آغاز کرتا ہے جس سفر کا مقصد خالق و مالک سے راز و نیاز اور اس سے گفتگو کرنا ہے اور اپنی بندگی کا اظہار کرنا، اس سے ہدایت و راہنمائی اور سعادت و خوش بختی طلب کرنا ہے۔
ایک دوسری حدیث میں فرمایا ہے:
” | الصلوة تبلغ العبد الی الدرجة العلیا ترجمہ: نماز بندے کو بلند ترین درجہ تک پہنچاتی ہے۔ |
“ |
ایمان کی نشانی
[ترمیم]نماز عقیدہ کی تجلی، ایمان کا مظہر اور انسان کے خدا سے رابطہ کی نشانی ہے۔ نماز کو زیادہ اہمیت دینا ایمان اور عقیدہ سے برخورداری کی علامت ہے اور نماز کو اہمیت نہ دینا منافقین کی ایک صفت ہے۔ خدا وند عالم نے قرآن میں اس کو منافقین کی ایک نشانی قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے :
” | ” ان المنافقین لیخادعون اللہ وھو خادعھم و اذا قاموا الی الصلواة قاموا کسالی یراء ون الناس و لا یذ کرون اللہ الا قلیلا ترجمہ: منافقین خدا کو فریب دینا چاہتے ہیں جبکہ خدا خود ان کے فریب کو ان کی طرف پلٹا دیتا ہے اور منافقین جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو سستی اور کاہلی کی حالت میں نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور لوگوں کو دکھاتے ہیں اور بہت کم اللہ کو یاد کرتے ہیں۔ |
“ |
شکر گزاری کا بہترین ذریعہ
[ترمیم]منعم (نعمت دینے والے) کا شکر ادا کرنا ہر انسان بلکہ ہر حیوان کی طبیعت میں شامل ہے۔ اس لیے کہ شکر گزاری نعمت دینے والے کی محبت اور نعمت و برکت میں اضافہ کا سبب ہے۔ شکر کبھی زبانی ہوتا ہے اور کبھی عملی۔ نماز ایک عبادت اور خدا کی نعمتوں پر اظہار شکر ہے جو زبانی اور عملی شکر کا ایک حسین مجموعہ ہے۔
میزان عمل
[ترمیم]رسول خدا فرماتے ہیں:
” | الصلوٰۃ میزان ترجمہ: نماز ترازو ہے۔ |
“ |
جعفر صادق فرماتے ہیں :
” | اول ما یحاسب بہ العبد الصلوۃ فاذا قبلت قبل سائر عملہ و اذا ردت ردّ علیہ سائر عملہ ترجمہ: سب سے پہلے انسان سے آخرت میں نماز کے بارے میں پوچھا جائے گا اگر نماز قبول کر لی گئی تو تمام اعمال قبول کرلیے جائیں گے اور اگر رد کر دی گئی تو دوسرے سارے اعمال رد کر دیے جائیں گے۔ |
“ |
مندرجہ بالا فرامین کی روشنی میں نماز دوسری عبادتوں کی قبولیت کے لیے میزان و ترازو کے مانند ہے نماز کو اس درجہ اہمیت کیوں نہ حاصل ہو جبکہ نماز دین کی علامت و نشانی ہے۔
ہر عمل نما ز کا تابع
[ترمیم]چونکہ نماز دین کی بنیاد اور اس کا ستون ہے۔عمل کی منزل میں بھی ایسا ہی ہے کہ جو شخص نماز کو اہمیت دیتا ہے وہ دوسرے اسلامی دستورات کو بھی اہمیت دے گا اور جو نماز سے بے توجہی اور لاپروائی کرے گا وہ دوسرے اسلامی قوانین سے بھی لا پروائی برتے گا۔ گویا نماز اور اسلام کے دوسرے احکام کے درمیان لازمہ اور ایک طرح کا رابطہ پایا جاتا ہے۔
اسی لیے حضرت علی علیہ السلام نے محمد بن ابی بکر کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا:
” | و اعلم یا محمد ( بن ابی بکر ) ان کل شے تبع لصلاتک و اعلم ان من ضیع الصلاة فھو لغیرھا اضیع ترجمہ: اے محمد بن ابی بکر! جان لو کہ ہر عمل تمھاری نماز کا تابع اور پیرو ہے اور جان لو جس نے نماز کو ضائع کیا اور اس سے لا پروائی برتی وہ دوسرے اعمال کو زیادہ ضائع کرنے والا اور اس سے لا پروائی برتنے والا ہے۔ |
“ |
روز قیامت پہلا سوال
[ترمیم]قیامت اصول دین میں سے ایک یے اور یہ وہ دن ہے کہ جب تمام انسانوں کو حساب و کتاب کے لیے میدان محشر میں حاضر کیا جائے گا۔ روایات کی روشنی میں اس دن سب سے پہلا عمل جس کے بارے میں انسان سے سوال کیا جائے گا، نماز ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:
” | اول ما ینظر فی عمل العبد فی یوم القیامة فی صلاتہ ترجمہ:روز قیامت بندوں کے اعمال میں سب سے پہلے جس چیز کو دیکھا جائے گا وہ نماز ہے۔ |
“ |
نمازی کے ساتھ ہر چیز خدا کی عبادت گزار
[ترمیم]حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں:
” | ان الانسان اذا کان فی الصلاۃ فان جسدہ و ثیابہ و کل شے حولہ یسبح ترجمہ: جب انسان حالت نماز میں ہوتا ہے تو اس کا جسم ،کپڑے اور اس کے ارد گرد موجودساری اشیاء خدا کی تسبیح و تہلیل کرتی ہیں۔ |
“ |
نماز کے اثرات اور فوائد
[ترمیم]نماز کے بہت سے فائدے اور اثرات ہیں جو نمازی کی دنیاوی اور اخروی زندگی میں نمایاں ہوتے ہیں۔ ان میں سے بعض کی طرف اشارہ کیا جا رہا ہے۔
گناہوں سے دوری کا ذریعہ
[ترمیم]انسان ہمیشہ ایک ایسی قوی اور طاقتور چیز کی تلاش میں رہتا ہے جو اسکوقبیح اور برے کاموں سے روک سکے تاکہ ایسی زندگی گزار سکے جو گناہوں کی زنجیر سے آزاد ہو۔ قرآن کی نگاہ میں وہ قوی اور طاقتور چیز نماز ہے۔
إِنَّ الصَّلَاةَ تَنْهَىٰ عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنكَرِ
بے شک نماز گناہوں اور برائیوں سے روکتی ہے۔—
اس آیت کی روشنی میں نماز وہ طاقتور اور قوی شے ہے جو انسان کے تعادل و توازن کو حفظ کرتی ہے اور اس کو برائیوں اور گناہوں سے روکتی ہے۔
گناہوں کی نابودی کا سبب
[ترمیم]چونکہ انسان جائز الخطا ہے اور کبھی کبھی چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے گناہ کا مرتکب ہو جاتا ہے اور ہر گناہ انسان کے دل پر ایک تاریک اثر چھوڑ جاتا ہے جو نیک کام کے انجام دینے کی رغبت اور شوق کو کم اور گناہ کرنے کی طرف رغبت اور میل کو زیادہ کر دیتا ہے۔ ایسی حالت میں عبادت ہی ہے جو گناہوں کے ذریعہ پیدا ہونے والی تیرگی اور تاریکی کو زائل کر کے دل کو جلاء اور روشنی دیتی ہے۔ انھیں عبادتوں میں سے ایک نماز ہے۔ خدا وندعالم نے فرماتا ہے :
إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ “
نماز قائم کرو کہ بے شک نیکیاں گناہوں کو نیست و نابود کر دیتی ہیں بے شک نماز گذشتہ گناہوں سے ایک عملی توبہ ہے اور پروردگار اس آیت میں گنہگاروں کو یہ امید دلا رہا ہے کہ نیک اعمال اور نماز کے ذریعہ تمھارے گناہ محو و نابود ہو سکتے ہیں۔—
شیطان کو دفع کرنے کا وسیلہ
[ترمیم]شیطان جو انسان کا دیرینہ دشمن ہے اور جس نے بنی آدم کو ہر ممکنہ راستہ سے بہکانے اور گمراہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے، مختلف راستوں، حیلوں اور بہانوں سے انسان کو صراط مستقیم سے منحرف کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر کچھ چیزیں ایسی ہیں جو اس کی تمام چالبازیوں پر پانی پھیر دیتی ہیں۔ انھیں میں سے ایک نماز ہے۔ رسول اکرم نے فرماتے ہیں :
” | لا یزال الشیطان یرعب من بنی آدم ما حافظ علی الصلوات الخمس فاذا ضیعھن تجرء علیہ و اوقعہ فی العظائم ترجمہ: جب تک اولاد آدم نمازوں کو پابندی اور توجہ کے ساتھ انجام دیتی رہتی ہے اس وقت تک شیطان اس سے خوف زدہ رہتا ہے لیکن جیسے ان کو ترک کرتی ہے شیطان اس پر غالب ہو جاتا ہے اور اس کو گناہوں کے گڑھے میں دھکیل دیتا ہے۔ |
“ |
دافع بلاء
[ترمیم]نمازی کو خدا، انبیا علیہم السلام اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے نزدیک ایک خاص درجہ و مقام حاصل ہے جس کی وجہ سے خدا وند عالم دوسرے لوگوں پر برکتیں نازل کرتا ہے اور ان سے بلاؤں اور عذاب کو دور کرتا ہے۔ جیسا کہ حدیث قدسی میں خدا وند عالم فرماتا ہے :
” | لولا شیوخ رکع و شباب خشع و صبیان رضع وبھائم رتع لصبت علیکم العذاب صباً ترجمہ: اے گنہگار و! اگر بوڑھے نمازی، خاشع جوان، شیرخوار بچے اور چرنے والے چوپائے نہ ہوتے تو میں تمھارے گناہوں کی وجہ سے تم پر سخت عذاب نازل کرتا۔ |
“ |
نماز کے فرائض
[ترمیم]نماز کے سات فرائض ہیں ۔
واجبات نماز
[ترمیم]واجب کے معنی ہیں "ضروری"۔ واجب سے مراد وہ چیزیں ہیں جن کا نماز میں ادا کرنا ضروری ہے اور اگر ان میں سے کوئی چیز رہ جائے تو اس کے ازالہ کے لیے سجدہ سہو کرنا پڑے گا۔ اور اگر سجدہ سہو نہ کیا تو نماز کو دہرانا پڑے گا۔
نماز میں واجب باتیں
[ترمیم]- تکبیر تحریمہ میں لفظ ’’ اللہ اکبر‘‘ کہنا۔
- سورۃ الفاتحہ پڑھنا
- قرأت (فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں اور واجب، سنت اور نفل نمازوں کی تمام رکعتوں میں ایک چھوٹی سورت یا ایک بڑی آیت یا تین چھوٹی آیتوں کی تلاوت کرنا
- فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں قرأت کرنا
- سورۃ فاتحہ کو قرأت سے پہلے پڑھنا
- قرأت سے فارغ ہوتے ہی رکوع کرنا
- ایک سجدہ کے بعد دوسرا سجدہ کرنا
- رکوع ، سجود، قومہ اور جلسہ وغیرہ میں کم از کم اتنی دیر ٹھہرنا کہ ایک بار ’’ سبحان اللہ‘‘ کہا جا سکے
- قومہ یعنی رکوع کے بعد سیدھا کھڑا ہونا
- جلسہ یعنی دوسجدوں کے درمیان سیدھا بیٹھنا
- قعدہ اولی میں تشہد کی مقدار بیٹھنا
- دونوں قعدوں میں پورا تشہد پڑھنا
- لفظ السلام دو بار کہنا
- وتر میں دعائے قنوت پڑھنا اور تکبیر قنوت کہنا
- عیدوں کی نماز میں چھ تکبیریں زائد کہنا۔ اس میں دوسری رکعت کی تکبیر، رکوع اور تکبیر کے لیے لفظ اللہ اکبر ہونا بھی واجب ہے
- ہر جہری نماز میں امام کو آواز سے قرأت کرنا اور غیر جہری نماز میں آہستہ قرأت کرنا
- امام کی قرأت کے وقت مقتدی کا خاموش رہنا
- قرأت کے سوا تمام واجبات میں امام کی پیروی کرنا
- آیت سجدہ پر سجدہ کرنا
- نماز میں سہو ہو جائے تو سجدہ سہو کرنا
- ہر واجب و فرض کا اپنے مقام پر ہونا
- رکوع کا ہر رکعت میں ایک ہی بار ہونا
- سجود کا ہر رکعت میں دو بار ہی ہونا
- فرض، وتر اور سنت موکدہ میں قعدہ اولی میں صرف تشہد پڑھنا
- دو رکعتوں سے پہلے قعدہ نہ کرنا
- دو فرض یا دو واجب یا واجب و فرض کے درمیاں تین تسبیح کی مقدار وقفہ نہ ہونا ۔
سنن نماز
[ترمیم]سنن جمع ہے سنت کی اور سنن نماز وہ چیزیں ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ثابت ہیں ان کی تاکید فرض اور واجب کے برا بر نہیں اسی لیے اگر نماز کی سنتوں میں سے کوئی ایک چھوٹ جائے تو نماز ہو جاتی ہے اور سجدۂ سہو واجب نہیں ہوتا۔ مگر جان بوجھ کر کسی سنت کو چھوڑ دینا بہت بری بات ہے اور کسی سنت کی توہین کرنا سخت گناہ بلکہ کفر ہے۔
نماز کی مسنون باتیں
[ترمیم]- تکبیر تحریمہ کے لیے ہاتھ اٹھانا
- ہاتھوں کی انگلیاں فطری طور پر کشادہ رکھنا اور ہتھیلیوں کو قبلہ رخ رکھنا
- بوقت تکبیر سر نہ جھکانا
- ہاتھوں کو تکبیر کہنے سے پہلے اٹھانا اسی طرح تکبیر قنوت اور تکبیرات عیدین میں کانوں تک ہاتھ لے جانے کے بعد تکبیر کہنا ۔
- امام کا بقدر حاجت بلند آواز میں تکبیرات ، تسمیع اور سلام کہنا۔
- تکبیرکے فوراً بعد ہاتھوں کو ناف کے نیچے باندھ لینا۔
- ثناء پڑھنا
- تعوذ و تسمیہ پڑھنا ۔
- سورۂ فاتحہ کے اختتام پر آمین کہنا۔
- رکوع میں کم از کم تین بار ’’رکوع کی تسبیح‘‘ پڑھنا
- رکوع میں گھٹنوں کو ہاتھوں سے پکڑنا اور انگلیاں کشادہ رکھنا۔
- رکوع سے اٹھتے ہوئے امام کے لیے تسمیع پڑھنا اور مقتدی کے لیے ’’تحمید‘‘ پڑھنا اور منفرد کے لیے تسمیع و تحمید دونوں پڑھنا
- رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں رکھنا۔
- سجدہ کے لیے اور سجدہ سے اٹھنے کے لیے اللہ اکبر کہنا۔
- سجدہ میں جاتے وقت زمین پر پہلے گھٹنے رکھنا، پھر ہاتھ رکھنا، پھر پھر ناک اور پھر پیشانی۔ سجدہ سے اٹھتے وقت پہلے پیشانی اٹھانا پھر ناک پھر ہاتھ اور پھر گھٹنے اٹھانا۔
- سجدہ میں کم از کم تین بار سجدہ کی تسبیح پڑھنا
مزید پڑھیے
[ترمیم]- دین کا ستون
- مومن کی معراج
- ایمان کی نشانی
- شکر گزاری کا بھترین ذریعہ
- میزان عمل
- ہر عمل نماز کا تابع
- روز قیامت پھلا سوال
- نمازی کے ساتھ ہر چیز خدا کی عبادت گزار
- نمازی کا گھر یا آسمان والوں کے لیے نور
نماز کے اثرات اور فوائد
- گناہوں سے دوری کا ذریعہ
- گناہوں کی نابودی کا سبب
- شیطان کو دفع کرنے کا وسیلہ
- بلاؤں سے دوری
حوالہ جات
[ترمیم]- ↑ صحیح مسلم، کتاب النکاح
- ↑ "namaz momin ki meraj hai hadees hai ya nai"۔ info in urdu۔ 14-11-2022۔ اخذ شدہ بتاریخ 29 نومبر 2022